کنداپور،8؍جون (ایس او نیوز) اکھل بھارت ہندو مہا سبھا کے ریاستی چیف سیکریٹری دھرمیندرا نے بی جے پی پر براہ راست ہلّہ بولتے ہوئے کہا کہ " بی جے پی مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔ آر ایس ایس سیاست میں ملوث ہوگئی ہے ۔ سوائے وزیر اعظم نریندرا مودی کے کوئی مخلص سیاست دان کو تلاش کرنا ہمارے لئے مشکل ہوگیا ہے ۔ بی جے پی جھوٹے ہندوتوا کی وکالت کر رہی ہے اور مسلم ووٹوں پر نظر رکھتے ہوئے کانگریس سے بڑا سیکیولر ازم کا نقاب چڑھا رکھا ہے ۔ اس لئے آنے والے اسمبلی الیکشن میں اکھل بھارت ہندو مہا سبھا تمام 224 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی۔"
کنداپور میں واقع ہندو مہا سبھا کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دھرمیندرا نے مزید کہا کہ "ہم سنگھ پریوار کو چھوڑ کر باقی تمام ہندو تنظیموں سے مشورہ کریں گے اور ایک متفقہ فیصلہ کریں گے۔"
انہوں نے کہا " بائیں بازو کی پارٹیوں اور خود ساختہ دانشوروں کا بچوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلے میں جو موقف ہے ہندو مہا سبھا اس کی مذمت کرتی ہے ۔ ہم نے جھوٹی تاریخ پڑھائی ہے اور بچوں کو اقدار ، علم اوراتنے برسوں تک حکومت کرنے والے محب وطن ہندو راجاوں کے ہندوستانی کلچرس سے محروم کردیا ہے ۔ کم از کم اب تو انہیں ملک کو لوٹنے والے غیر ملکیوں اور مقامی لوگوں کے بارے میں اور انقلابی مجاہدین آزادی کے تعلق سے پڑھایا جانا چاہیے۔"
اس موقع پر بولتے ہوئے اکھل بھارت ہندو مہا سبھا کے اڈپی ڈسٹرکٹ صدر رام کرشنا شیٹی نے کہا : " تمام ہندووں کا تحفظ ہمار مقصد ہے ۔ ہم ووٹوں کے لئے کسی کی خوشامد نہیں کرتے ۔ ہمارے امیدوار پنچایت اور ودھان سبھا انتخابات میں بھی مقابلہ کریں گے۔"
پریس کانفرنس کے دوران یوا سبھا کے ڈسٹرکٹ صدر پرتاب سکور، پرمود اوچیلا ، دھارمک سبھا کے راگھویندرا اولور، دیویکا بھٹ ، دیپک کینی اور سوشیل میڈیا کے ذمہ دار شیلیش موجود تھے۔